جاز نے صارفین کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا،سوشل میڈیا پر شکایات کے انبار،کوئی پرسان حال نہیں

13دن میں جاز(JAZZ)انتظامیہ نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن مکمل نہ کرسکی،صارفین کیلئے معذرت خواہانہ الفاظ اور طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں
7نومبر2021کو 700روپے کا بیلنس کٹ چکا مگر ڈیٹا پیکج نہیں ملا،جاز کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ انٹرنیٹ دستیاب نہیں اور ہیلپ لائن پر بھی کوئی جواب نہیں دے رہا ،صارفین
کتنے دن درکار ہیں اپ گریڈیشن کیلئے ؟ میں نے بہت سارا کام آن لائن کرنا ہوتا ہے، تکلیف میں ہوں ،مشکلات کا سامنا ہے ،کیا میں نیٹ ورک تبدیل کرلوں ؟جاز صارف
متعدد صارفین نے جاز(JAZZ) کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے مایوس، خداحافظ کہنے کا عندیہ ،جازکواپ گریڈیشن کیلئے کتنے ہفتے،ماہ یا سال درکار ہیں ؟صارفین کا سوال

اسلام آباد (سی این پی)سوشل میڈیا پر جاز(JAZZ)صارفین کی جانب سے شکایات کے انباز،سولات کی بوچھاڑ،تسلی بخش جوا ب دینے میں جاز(JAZZ) انتظامیہ ناکام،13دن گزرنے کے باوجود جاز(JAZZ)انتظامیہ نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن مکمل نہ کرسکی،صارفین کو کال کرنے،سننے،انٹرنیٹ استعمال کرنے اور جاز(JAZZ)کی ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کرنے میں سخت دشواری کا سامناکرنا پڑرہا ہے ،جسکی وجہ سے صارفین میں خاصی تشویش پائی جارہی ہے خصوصا جوصارفین صرف جاز(JAZZ) کی موبائل فون سم استعمال کررہے ہیں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،جاز صارفین کو گزشتہ 13روز سے کال نہ ملنے ، نمبر بند ملنے ، انٹرنیٹ سروس کی بندش، کمزور سگنلز ،جاز کیش پر ڈبل ٹرانزیکشن (لین دین)یا رقم منتقلی کے باوجود صارف کو رقم کی عدم وصولی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جاز(JAZZ) سم کے حامل افراد سے رابطہ ناممکن ہو چکا ہے ۔منصوبہ بندی کے ساتھ شروع ہونی والی اپ گریڈیشن کے پانچ روز بعد 9نومبر کو جاز کے ٹوئٹر ہینڈل اور فیس بک پیج پر جاز(JAZZ) انتظامیہ کی طرف سے صارفین کے لئے پیغام لکھا گیا کہ” صارفین کے لیے نئے ڈیجیٹل سسٹمز میں منصوبہ بندی کے تحت اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ ہماری ٹیلی کام اور ڈیٹا سروسز بلاتعطل جاری ہیں۔ تاہم اس دوران چند صارفین کو ہونے والی وقتی دشواری پر معذرت خواہ ہیں۔ اپ گریڈیشن کے دوران تعاون کرنے پر ہم اپنے صارفین کے شکر گزار ہیں”۔جاز(JAZZ)انتظامیہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹراور فیس بک پیج پر جاز صارفین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دیے مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جاز(JAZZ) انتظامیہ کے پاس معذرت خواہانہ الفاظ اور طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں، جاز(JAZZ)کے ایک صارف نے سوال کیا کہ اپ گریڈیشن کے عمل میں دوسروں کا نقصان کیوں کر رہے ہیں ،نیٹ ورک کا مسئلہ اپنا ہے اور بیچارے عوام پس رہے ہیں،صارف بائیس ہزار جی بی(انٹرنیٹ) ضائع ہونے کا شکوہ کرتا نظر آیا جسکے بعد صارف نے کہا کہ ہیلپ لائن کی تھکا دینے والے کال کے بعد جاز کا نمائندہ ایک دن قبل (Recharge)کا مشورہ دیتا ہے، اپنے پیسوں سے انہیں شکایت کی کال کریں اور جواب بھی ملاحظہ فرمائیں،صارف محمد طارق عزیز نوحہ کناں ہے کہ7نومبر2021کو 700روپے کا بیلنس کٹ چکا ہے مگر ڈیٹا پیکج نہیں ملا،جاز کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ جسکے جواب میں جاز(JAZZ) انتظامیہ نے روایتی الفاظ میں جواب دیا کہ ہم زحمت کیلئے مخلصانہ معذرت خواہ ہیں ۔جاز(JAZZ)صارف فرقان شاہد کہتے ہیں کہ یہ سب گزشتہ نو دن سے چل رہا ہے کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ سسٹم کب تک اپڈیٹ ہو گا ؟سید محمد حارث عالم اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں گزشتہ 9دن سے کال کرنے کے قابل ہوں نہ ہی انٹرنیٹ استعمال کر سکا ہوں ،ارسلان ابن قیصر پوچھتے ہیں کہ کتنے ہفتے،ماہ یا سال درکار ہیں ؟حسن چشتی کہتے ہیں کہ میں نے دس روز قبل اپنے نمبر کا بل ادا کیا تھا مگر ابھی کال کرنے کی سہولت میسر نہیں آسکی ،عدنان جبار بھی ایسی ہی شکایت کرتے نظر آتے ہیں ۔اسکے علاوہ علی معاویہ اعظم بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ کب تک سسٹم کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گی ؟جاز(JAZZ) کے صارف طلحہ عامر انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے شکایت کررہے ہیں اور کہتے ہیں انٹرنیٹ دستیاب نہیں اور ہیلپ لائن پر بھی کوئی جواب نہیں دے رہا ہے ،جاز(JAZZ) کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے ،سکندر منہاس بھی کال کرنے کی سہولت سے محروم ہیں اور مدد کے طلبگار ہیں ،شہزاد عطا کہتے ہیں کہ کیا سسٹم اپ گریڈ ہو چکا ہے ؟وہ انٹرنیٹ استعمال نہیں کر پا رہے ہیں ،بل کی ادائیگی کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے آپ لوگ جلد از جلد اپنا کام مکمل کرلیں گے ،ڈاکٹر جویریہ سوال کرتی ہیں کہ کتنے دن درکار ہیں اپ گریڈیشن کیلئے ؟ میری جاز(JAZZ)ڈیوائس کا پیکج ختم ہو چکا ہے ،میں نے اسے ضرورت سے زیادہ ری چارج کیا ہے میں نے بہت سارا کام آن لائن کرنا ہوتا ہے اور میں تکلیف میں ہوں مجھے مشکلات کا سامنا ہے ،کیا میں نیٹ ورک تبدیل کرلوں ؟ڈاکٹر ثنا مرزا شکایت کرتے کہتی ہیں کہ 15دن درکار ہیں اپ گریڈیشن کیلئے؟اگر ایسا ہے تو آپکو کسی بھی طرح صارفین کو سہولیات فراہم کرنا چاہیے ہیں یہ کیسے ممکن ہے کہ 13دن موبائل نیٹ ورک کے بغیر گزارے جائیں،میری کال کرنے کی سہولت 2نومبر سے بند ہے ۔متعدد صارفین نے تو جاز(JAZZ) کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے جاز کو خداحافظ کہنے کا عندیہ بھی دے دیا ،شکایات کے انبار کے باجود جاز(JAZZ) انتظامیہ صارفین کو مطمئن کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ کوئی تسلی بخش جواب صارفین کو میسر نہیں ہے ،جسکی وجہ سے صارفین میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جا رہاہے ۔جاز(JAZZ)نے صارفین کو پتھر کے دور میں پہنچا دیا ہے موبائل سروسز کے بغیر آج کے ترقی یافتہ دور میں زندگی بسر کرنا محال ہے مگر اسکے باجود نہ تو جاز(JAZZ) انتظامیہ ٹس سے مس ہو رہی ہے اور نہ ہی ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے ذمہ داران کے کانوں پر جوں رینگ رہی ہے ۔سوشل میڈیا پر شکایات کی بھرمارکے باجود پاکستان ٹیلی کمیونیکشن(پی ٹی اے )کی معنی خیز خاموشی سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں ،پی ٹی اے کے ترجمان خرم مہربان نے تو اس حوالے سے مکمل چپ سادھ رکھی ہے اورموقف دینے سے گریزاں ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں