14دن سے جاز(JAZZ) صارفین کے حقوق کی پامالی جاری،مشکلات دور نہ ہوسکیں

نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن تا حال مکمل نہ ہوسکی ،صارفین ذہنی مریض بن گئے ،ارباب اختیار نے مکمل خاموش کرلی
جاز(JAZZ) انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے صارفین کا جاز(JAZZ) پر اعتماد ختم ہونے لگا ،سوشل میڈیا پر صارفین کا شدید غم و غصہ کا اظہار
جاز(JAZZ) کی سروسز معطلی کی شکایات کے اندراج کیلئے پی ٹی اے کا ٹال فری نمبرملانے کے حوالے سے جاز متاثرین کو شدید اذیت کا سامنا
جاز(JAZZ) صارفین کی مشکلات کے حوالے سے ترجمان پی ٹی اے سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش ،موصوف نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی

اسلام آباد(سی این پی)نصف ماہ گزرنے کو ہے مگر جاز(JAZZ) صارفین کی شکایات کا ازالہ ہو سکا نہ ہی ریگولیٹر مشکلات کا ازالہ کر سکا ،ارباب اختیار کی جانب سے مکمل خاموشی ،پاکستان کی سب سے بڑی سیلولرکمپنی کی دعویدار جاز(JAZZ) کے خلاف ہیلپ لائن اور سوشل میڈیا پر شکایات کی بھر مار ،صارفین کی جانب سے غم و غصے کا اظہار ،ہیلپ لائن پر جاز(JAZZ) کے نمائندے صارفین کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام ،پی ٹی اے خاموش تماشائی بن گیا،پاکستان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی کی دعویدار جاز(JAZZ) سے 14دن گزرنے کے باوجود نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن مکمل نہ ہوسکی جس کی وجہ سے صارفین ذہنی مریض بن کر رہ گئے ،صارفین کو کال ملانے،سننے،انٹرنیٹ استعمال کرنے اور جاز(JAZZ)کی ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کرنے میں سخت ذہنی کوفت،اذیت اور دشواری کا سامناکرنا پڑرہا ہے ،جاز(JAZZ) کیش کے صارفین کوبھی گزشتہ 14روز سے سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جاز کی دیگر ایپس کی طرح جاز(JAZZ) کیش ایپ بھی کام نہیں کررہی ہے، اگر کوئی صارف لین دین کرنا چاہے تو لین دین نہیں ہوپاتا اگر وہ جائے تو جس صارف کو رقم منتقل کی جاتی ہے اسے موصول نہیں ہوتی ،بھیجنے والے صارف کے اکائونٹ سے رقم کٹ جاتی ہے مگر وصول کرنے والے کو مل نہیں پاتی جسکے بعد اگر صارف کئی گھنٹوں کے طویل انتظار اور کرب میں مبتلا ہوکر جاز(JAZZ) کے نمائندے سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو جائے تو اسے روایتی الفاظ استعمال کرکے ٹال دیا جاتا کہ “جلد آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا ،سسٹم اپ گریڈیشن کی وجہ سے آپکو تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جسکی وجہ سے معذرت خواہ ہیں”جاز(JAZZ) انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے صارفین کا جاز(JAZZ) پر اعتماد ختم ہو رہا ہے ،سوشل میڈیا پر جاز صارفین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر جاز(JAZZ) انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے نظر آرہے ہیں ،صارفین کے استحصال اور تمام صورتحال پر موقف جاننے کیلئے جاز(JAZZ) کے ترجمان خیام صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی ،جاز(JAZZ) کے متاثرین شکایات کے ازالے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن (پی ٹی اے) سے رابطہ کرنے میں کوشاں مگر ناکام ۔جاز(JAZZ) کے صارفین کوپی ٹی اے کی ویب سائٹ پرشکایات کے اندراج میں دشواری کا سامناہے،اگر صارفین شکایت کے اندراج میں کامیاب ہو جائیں تو پی ٹی اے کی جانب سے پیغام دیا جاتا ہے کہ” آپ کی شکایت کا اندراج ہو چکا ہے، آپ کی رجسٹرڈ شکایت کو مقررہ وقت کے اندر حل کر دیا جائے گا”۔مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مقررہ وقت کتنا ہے جاز کی طرح پی ٹی اے بھی یہ نہیں بتارہا ہے جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے شکایات کے اندراج کے لئے دیا گیا ٹال فری نمبر 0800-55055 ملانے کے حوالے سے جاز(JAZZ) متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،صارفین کو کئی کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے باوجودرابطہ کرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہوپارہی ہے جسکی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے ،شکایات کے اندارج میں جاز(JAZZ) صارفین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے سی این پی ٹیم نے سیلولر کمپنیوں کے ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے ترجمان خرم مہربان سے متعدد بار ٹیلی فونک رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر موصوف نے فون تک اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی ،قبل ازیں بھی جاز(JAZZ) کے صارفین کی مشکلات اور پی ٹی اے کے کردار کے حوالے سے ان سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو وہ لیت و لعل سے کام لیتے رہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں