پنجاب کی سیاست کے دوبڑے حریفوں میں دوریاں کم ہونے لگیں

لاہور(سی این پی)سیاست کے دوبڑے حریف مسلم لیگ ن اورمسلم لیگ ق میں دوریاں کم ہونے لگیں، شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کرنےہسپتال جاپہنچے۔اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی لاہور کے مقامی ہسپتال میں جا کر عیادت کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی وہاں موجود تھے، حمزہ شہباز نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کی، پرویز الہٰی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے پر حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کیا۔ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت سینیئر سیاست دان اور نہایت نفیس انسان ہیں، ان کی مکمل صحت یابی اور تندرستی کے لیے دعا گو ہوں۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ قائم رہےگا۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف اورانکی بیٹی مریم نواز نے بھی چوہدری سالک حسین سے فون پر رابطہ کیا اورچوہدری سالک سے انکے والد چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں۔مریم نےکہا کہ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے بھی چوہدری سالک کو فون کرکے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں