رہائشی منصوبوں کو گرانے سے بچانےکیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور

کراچی(سی این پی)رہائشی منصوبوں کو گرانے سے بچانےکے لیے سندھ اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ایوان میں پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ندا کھوڑو نے تجاوزات کے حوالے سے قرار داد پیش کی،ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چھت سب کے پاس ہو،کسی کو چھت سے محروم کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، قانون سب کے لیے برابر ہے ہونا چاہیے، اگر ماضی میں کسی افسر نے غفلت کی ہے،اس سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے اور بلڈرز سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔قراردادکے خلاف اپوزیشن اراکین اسپیکر ڈائس کے گرد جمع ہوگئے، اپوزیشن اراکین نے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں، اس دوران حکومتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین کا کہنا تھا کہ ناصر شاہ نے کہا تھا کہ نسلہ ٹاور پر قرارداد لارہے ہیں، پوری قرار داد میں نسلہ ٹاور کا ذکر تک نہیں۔محمد حسین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اس قرارداد پر بات کرنے سے روکا گیا،کراچی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات ہوئی ہے، 14 سالوں میں سندھ حکومت نے اربوں کی کرپشن کی، یہ غیرقانونی تعمیرات کو کَور دینا چاہتے ہیں، یہ اقدام سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کے معاملے پر جذبات اور دونمبری کا سہارا نہ لیا جائے۔صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ قرارداد میں صرف عمارتوں کو تحفظ نہیں دیا گیا، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا بھی کہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں