پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس،کلبھوشن سمیت اہم بل پیش کئے جائیں گے

اسلام آباد(سی این پی) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق بل ، آئی ووٹنگ ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق بل ،ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل ، اینٹی ریپ بل ،اسلام آباد میں قانون کرایہ داری سے متعلق بل، فیملی لاء سے متعلق دو بل بھی پیش کیے جائیں گے۔بین الاقوامی عدالت کے فیصلے کی تعمیل کےتحت کلبھوشن بل بھی پیش کریں گے۔اس کے علاوہ بھارہ کہو میں نئی یونیورسٹی کے قیام کا بل،اسٹیٹ بینک میں اصلاحات کا بل اور وزیراعظم کے وعدے کے مطابق حیدرآباد ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا بل بھی پیش کیا جائےگا۔بدھ کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز، ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کےانٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق بل بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل میں ووٹرز فہرستوں کا اختیار نادرا کو دینے کی ترمیم بھی شامل ہے جبکہ کلبھوشن کواپیل کا حق دینے سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف نظرثانی بل بھی ایجنڈےکا حصہ ہے۔ انسداد جنسی زیادتی تحقیقات اور ٹرائل کا بل ایجنڈے میں شامل ہے ،یہ بل جنسی زیادتی کیسزمیں خصوصی تحقیقاتی ٹیمز اورعدالتوں کی تشکیل سےمتعلق ہے۔اسکے علاوہ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حیدرآباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنیکل اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام کا بل پیش کیا جائےگا۔ایجنڈے کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کی روک تھام سے متعلق کریمنل لاء ترمیمی بل اوربچوں کی جسمانی سزا کے تدارک کا بل پیش کیا جائےگا جبکہ مردم شماری سے متعلق تحفظات پر مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کاریفرنس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کی دوپہر 12 بجے طلب کیا ہے جبکہ اپوزیشن نے قانون سازی کو روکنے کی حکمت عملی طے کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں