لاہور فضائی آلودگی، بچوں میں مختلف امراض جنم لینے لگے

لاہور(سی این پی)لاہور میں دن بدن فضائی آلودگی میں اضافے سے بچے بھی متاثر ہورہے ہیں۔شہر میں اسموگ کی وجہ سے بچوں میں دمہ، الرجی، سانس، آنکھوں کی بیماریوں اور نمونیے کی شکایت بڑھ گئی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے نمونیا کی شرح میں تین سے چار گنا اضافہ ہوگیا ہے۔لاہور کے بڑے سرکاری اسپتالوں کی چلڈرن ایمرجنسی اور او پی ڈیز میں اسموگ سے متاثرہ بچوں کا رش لگا ہوا ہے، صرف چلڈرن اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ 400 کے قریب بچوں کو لایا جا رہا ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بچے دمہ، کھانسی، الرجی، آنکھوں کی جلن اور پھیپھڑوں کے امراض کے سبب ایمرجنسی آ رہے ہیں، اسموگ ایک سے دو سال کے بچوں میں نمونیا کا سبب بھی بننے لگا ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اسموگ کے دوران گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر مت نکلیں، ماسک پہنیں، عینک لگائیں اور گرم مشروبات استعمال کریں۔طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو نمونیا اور الرجی سمیت دیگر امراض میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں