پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک ، سوشل میڈیا صارفین اداکارہ اُشنا شاہ پر برس پڑے

کراچی (سی این پی )پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اُشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔اُشنا شاہ نے ٹویٹر پر پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر مشتمل اپنی ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے رات گئے پیزا آرڈر کیا، جب پیزا ڈلیوری بوائے نے گھر کی گھنٹی بجائی تو اس وقت میرے ہاتھوں میں میری پالتو کتیا تھی جسے لڑکا دیکھ کر خوف زدہ ہوگیا اوراندر آنے سے انکار کردیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب لڑکے نے اندر آنے سے انکار کیا تو میں نے صنفی امتیاز پر مشتمل گفتگو کرتے ہوئے لڑکے سے کہا کہ مرد بنیں کیوں کہ آپ چار سال کے بچے نہیں ہیں اس لیے مردانگی پیدا کریں اور اندر آکر پیزا رکھیں۔اُشنا شاہ نے اپنی دوسری ٹویٹ میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اگر وہ پیزا ڈلیوری بوائے پرسکون انداز سے گھر کے اندر آجاتا تو میری کتیا (پٹ بل) اسے صرف سونگھتی اور پھر پیار کرتی۔اشنا شاہ کی جانب سے خود بیان کیے جانے والے اس تضحیک آمیز رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔صارفین کی جانب سے تنقید کیے جانے پراُشنا شاہ نے ندامت کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیزا بوائے سے متعلق بات پر ہر کوئی رو رہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ میں کتیا کو ہاتھ میں اٴْٹھائی ہوئی تھی اور ڈلیوری بوائے نے اندر آنے سے انکار کردیا تھا ۔ابتدائی دس منٹ تک میں یہی کہتی رہی کہ میرا وعدہ ہے کچھ نہیں ہوگا میں نے کتیا کو پکڑا ہوا ہے اس لیے گزر جائیں، بہادر بنیں شاباش لیکن وہ اندر نہیں آیا۔ اُشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس کا حوصلہ بڑھایا پر کام نہیں آیا لیکن جب اس کی مردانگی کو چیلنج کیا تو وہ فوری اندر آگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں