حوثی باغیوں کے حملے علاقائی امن و سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیر اعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے ابوظہبی میں سول تنصیبات پر حوثی باغیو ںکے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے یو اے ای کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملوں کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے حمایت کے بھرپور اظہار پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور المناک واقعے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں