افغانستان،طالبان کے قبضے کے بعد سے بند ہونیوالی کچھ جامعات دوبارہ کھول دی گئیں

کابل(سی این پی)افغانستان میں اگست سے بند ہونے والی کچھ جامعات بدھ سے دوبارہ کھول دی گئیں جس کے بعد لغمان یونیورسٹی اور ننگرہار یونیورسٹی میں طالبات کی بھی واپسی ہوگئی۔جامعات میں کلاسز کا آغاز ہونے پر طالبات نےخوشی کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الگ کلاسز کی شرط پر طالبات کو جامعات میں آنے کی اجازت دی گئی ہے ،دوسری جانب طالبان انتظامیہ نے باضابطہ طور پرلڑکیوں کے یونیورسٹیوں میں واپس لوٹنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔
افغان حکام کے مطابق لغمان،ننگرہار،قندھار،نمروز،فراہ اور ہلمند صوبوں میں جامعات کھول دی گئی ہیں جبکہ دیگرصوبوں میں جامعات رواں ماہ کے اختتام پر کھولی جائیں گی۔رپورٹس کے مطابق لغمان یونیورسٹی میں طالبات برقعہ پہن کر کلاسز لینے پہنچیں جبکہ جلال آباد میں کچھ طالبات کو ننگرہار یونیورسٹی میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ننگرہاریونیورسٹی کے سربراہ خلیل احمد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں مرد اور خواتین طلبا الگ الگ کلاسز لیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال 15 اگست کو طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے سرکاری جامعات بند تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں