فواد چوہدری نے ٹاپ ٹین وزرا میں نہ آنے کی وجہ بتادی

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے اپنے 10 بہترین وزرا، مشیر اور معاون خصوصی کو بہترین کارکردگی پر اسناد دیں جن میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری جگہ نہ بناسکے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بہترین کارکردگی والے وزرا کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی ان وزرا میں اپنا نام نہ ہونے کی وجہ بھی بتائی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس بار اس لیے جگہ نہیں بنا سکے کہ کارکردگی ان پراجیکٹس پر عملدرآمد سے جانچی جاتی ہے جو وزارت وزیراعظم آفس کو دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ منصوبوں میں ردوبدل کیا ہے جو میرے خیال میں زیادہ سود مند ہوں گے اگلی دفعہ انشااللہ۔خیال رہے کہ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی تقریب میں بہترین کارکردگی پر ورزرا، مشیر اور معاون خصوصی کو تعریفی اسناد دی گئیں جن میں کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارت مواصلات کا پہلا نمبر رہا اور انہیں پہلا ایوارڈ د یا گیا۔تعریفی اسناد پانے والوں میں اسد عمر کی وزارت پلاننگ کا دوسرا، غربت خاتمے کی وزارت کا تیسرا ،شفقت محمود کی تعلیم کی وزارت کا چوتھا، شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق کا پانچواں ،خسرو بختیار کی وزارت صنعت کا چھٹا ،نیشنل سکیورٹی ڈویژن کا ساتواں ، عبد الرزاق دائود کی وزارت تجارت کا 8 واں ، شیخ رشید کی وزارت داخلہ کا 9 واں اور سید فخر امام کی نیشنل فوڈ سکیورٹی کی وزارت کا آخری نمبر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں