بہترین کارکردگی،مراد سعید کا پہلا، اسد عمر کا دوسرا، ثانیہ نشتر کا تیسرا نمبر

اسلام آباد(سی این پی) بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ مراد سعید کا پہلا، اسدعمرکا دوسرا اور ثانیہ نشتر کا تیسرا نمبر رہا۔وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ چوتھے نمبر پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، پانچویں نمبر پر وفاقی وزیر ہیومن رائٹس شیریں مزاری رہیں۔ چھٹے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار، ساتویں پر معید یوسف، آٹھویں نمبر پر عبدالرزاق دائود رہے۔ شیخ رشید کی وزارت کا نواں، فخر امام کی وزارت کا دسواں نمبر رہا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہزاد ارباب نے پہلے ہی بتا دیا تھا ٹاپ 10 کون ہیں اس لیے باقی وزرا نہیں آئے، مراد سعید کی وزارت کی کارکردگی بہترین ہے، مراد سعید کو پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد دیتا ہوں، تعریفی اسناد کی تقسیم سے وزارتوں کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی وزارتوں کو مراعات دی جائیں گی، سزا اور جزا کے بغیر دنیا کا کوئی نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔عمران خان نے کہا کہ گورننس کا مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہونا چاہیے، ہمیں اپنی برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم بنانا ہے، بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کے بونس میں اضافہ کیا جائے گا، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیر روایتی حل تلاش کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں