18 کروڑ میں ہار فروخت کا الزام ، عمران اور زلفی کیخلاف ایف آئی اے کی تحقیقات شروع

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے بیرون ملک تحفے میں ملنے والے ہار کی مبینہ فروخت کے معاملے پر سابق وزیر اعظم عمران خان اور زلفی بخاری کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے نے تحفے میں ملنے والے ہار کی مبینہ فروخت کا الزام سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنمازلفی بخاری نے ہار بیچنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ ہار بیچنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی نے کہا کہ ہار بیچنے سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں ہوئی اور اس حوالے سے چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔یاد رہے کہ عمران خان پر بیرون ملک سے ملنے والا ایک ہار توشہ خانہ میں نہ جمع کرائے جانے کا الزام ہے، عمران خان نے مبینہ طور پر ہار زلفی بخاری کے ذریعے لاہور کے ایک جیولر کو 18 کروڑ میں فروخت کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں