وزیراعظم شہباز شریف کی کراچی آمد ، مزار قائد پر حاضری

کراچی(سی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر صوبائی دارالحکومت کراچی پہنچ گئے ہیں۔وزیر اعظم کی خصوصی پرواز نے شارع فیصل پر پاکستان ائیر فورس کے فیصل ائیر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنمائوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیراعظم کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔فیصل ائیر بیس سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر مزار قائد پہنچے۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت بھی مزار قائد پر حاضری کے لیے پہنچی، وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، جس کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات تحریر کیے۔مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلی ہائوس سندھ جائیں گے جہاں وہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، سیکرٹریز اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے، اس کے علاوہ سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس بھی وزیراعلی ہائوس میں ہوگا۔اپنے دورہ کراچی کے تیسرے مرحلے میں وزیر اعظم شہباز شریف حکومتی اتحاد میں اپنی اہم پارٹنر ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے پارٹی کے مرکزی دفتر بہادرآباد کا دورہ بھی کریں گے جس کے بعد وزیراعظم آج شام ہی دارالحکومت اسلام آباد واپس چلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں