تمہارا تحفہ تمہاری مرضی نہیں‘، مریم کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

لاہور(سی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ تمہارا تحفہ تمہاری مرضی نہیں بلکہ تحفے بھی ریاست کے اور مرضی بھی ریاست کی۔انہوں نے کہا کہ اب تمہاری دھونس نہیں چلے گی، آنکھیں کھول لو، تمہاری جعلی حکومت اور تمہارا مستقبل، دونوں ختم اور حساب تو دینا پڑے گا۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ میرا تحفہ میری مرضی، توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک صدرنےگھرپرتحفہ بھجوایا تو وہ تحفہ توشہ خانہ بھیج کرآدھی قیمت ادا کرکے اپنے پاس رکھا۔ان کا کہنا تھاکہ ہم نے توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت 15سے بڑھاکر 50 فیصد کی، اگر پیسہ بناناہوتا توگھرکوکیمپ آفس ڈکلیئرکرکےکروڑوں روپیہ بناتا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ ‏فوجیوں کو بھی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ملتے ہیں تو ان کی مرضی وہ جو چاہیں کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں