حلف نہ لینے پر حمزہ شہباز نے گورنر کیخلاف درخواست دائر کر دی

لاہور (سی این پی) وزیر اعلی پنجاب کے عہدہ کا حلف نہ لینے پر حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی ، درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر رولز آف پروسیجر کے تحت منتخب وزیر اعلی سے حلف لیتے ہیں ، گورنر پنجاب نو منتخب وزیر اعلی پنجاب سے حلف نہیں لے رہے ، گورنرکا عمل آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔حمزہ شہباز کی جانب سے کہا گیا کہ آئینی کنونشنزکی خلاف ورزی آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، گورنرپنجاب آئینی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں۔دائر درخواست میں کہا ہے کہ گورنرآئینی احکامات سے روگردانی اور تضحیک کے مرتکب ہورہے ہیں، ان کے عمل سے صوبے کی عوام کو مزید معاشی اور سیاسی بحران سے دوچار کر دیا گیا ہے، گورنر وفاق اوراتحاد کی علامت ہے، بنیادی مقصد آئین کی حفاظت ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا پنجاب اسمبلی منعقدہ سیشن میں حمزہ شہباز کووزیر اعلی کے طور پر منتخب کیا گیا ، درخواست گزارکے پاس معزز عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ راستہ نہیں۔حمزہ شہباز نے استدعا کی کہ گورنر پنجاب کو نئے وزیر اعلی پنجاب سے حلف لینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں