آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل

راولپنڈی(سی این پی) پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے 4 سال مکمل ہو گئے، قوم آج ’’ سرپرائز ڈے‘‘ منا رہی ہے۔26 فروری 2019 کو بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر رات کے اندھیرے میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس روز بھارتی طیارے بالاکوٹ کے گاؤں جابہ کے قریب بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے دہشت گردوں کا ٹریننگ کیمپ تباہ کر دیا۔پاکستان نے ازلی دشمن کو رات کے اندھیرے میں حملے کا جواب دن کے اجالے میں دینے کا اعلان کیا اور بھارت کے 2 طیارے مار گرائے۔ ہڑبونگ میں بھارتی فوج نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی تباہ کر دیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ہاتھوں گرنے والے 2 بھارتی طیاروں میں سے ایک کا ملبہ بھارت کی اپنی حدود میں گرا اور دوسرے کا پاکستان کی حدود میں آ گرا، پاکستان کی حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو کشمیریوں نے گھیر لیا، وہ ابھی نندن کی ٹھکائی کر رہے تھے کہ پاک فوج کے جوان بھی وہاں آپہنچے۔ونگ کمانڈر ابھی نندن کو تو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کی تحت 60 گھنٹے میں رہا کر کے واپس بھیج دیا لیکن پاکستان سے ملنے والا سبق بھارت صدیوں تک نہیں بھول سکے گا۔27 فروری کا دن مکار دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ کسی بھی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کہیں بھی اور کبھی بھی منہ توڑ سرپرائز دینا خوب جانتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں