پولیس دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کرے،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (سی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔ہائی کورٹ میں عمر ایوب خان کے گھر چھاپے اور فیملی کو ہراساں کرنے کے خلاف اہلیہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔وکیل نے استدعا کی کہ عمر ایوب کے کم عمر بیٹے کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اسے ہراساں کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ جو ایف آئی آر میں نامزد ہے اسے بے شک گرفتار کریں یوں کسی اور کو ہراساں نہ کیا جائے، ایسے دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کریں، ایس ایس پی آپریشنز نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی حکم کی تعمیل ہو گی۔

سٹیٹ کونسل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف 10 مئی کو ایف آئی آر درج ہوئی جس کی کاپی منسلک ہے، تمام قانونی کارروائی پوری کی گئی، چھاپہ مارنے سے قبل سرچ وارنٹ بھی موجود تھے۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے متعلقہ دستاویزات درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں