مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رجب طیب اردوان عظیم رہنما ہیں، ترکیہ کے عوام نے ان پر غیر متزلزل اعتماد کیا، صدر رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر زبردست کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ صدر اردوان کے ساتھ بہت قریب سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے، آنے والے 3 سال میں باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کریں گے، دونوں ممالک یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، ترک سرمایہ کاروں کو پن بجلی کے منصوبوں کیلئے بھی دعوت دیتے ہیں، پاکستان، ایران اور ترکیہ کے مابین ریل روڈ نیٹ ورک منصوبہ اہم ثابت ہو سکتا ہے، ہماری افرادی قوت زیادہ مہارت کی حامل ہونے کے باوجود مقابلتاً سستی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ممالک کیلئے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں، پاکستان میں گزشتہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، فصلیں تباہ ہوئیں، تعمیراتی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، سیلابوں سے 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، ترکیہ نے کشمیر کاز کی ہمیشہ غیر مشروط حمایت کی، بھارت کا کشمیریوں کو زیر تسلط رکھنے کا طرزعمل بہت بڑا منفی پہلو ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، پی ٹی آئی چیئرمین کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا، گزشتہ 4 سال میں ہماری قیادت کو قید کیا گیا، ہم نے نہ احتجاج کیا نہ تشدد کا کوئی واقعہ ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر شرپسندوں نے ملک کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں