سعودی عرب فٹ بال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا خواہاں

ریاض(سی این پی ) سعودی عرب نے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2034 کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب سال 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے، سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لئے اپنا نام باضابطہ طور پر پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کی افتتاحی بولی سے ملک میں عالمی سطح کے فٹ بال مقابلوں کی میزبانی کے بڑھتے ہوئے تجربے اور فیفا 2023 کلب ورلڈ کپ اور 2027 کے ایشین فٹ بال چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے شائقین کی میزبانی کا تجربہ حاصل ہو گا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کو پھیلایا ہے ۔ولی عہد کا کہنا تھا کہ امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اورنمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بہت سے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں سپورٹس بھی شامل ہے، سعودی عرب اپنے شاندار ثقافتی ورثے، معاشی طاقت اور اپنے عوام کے عزائم کی بدولت بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے ایک معروف مرکز اور بین الاقوامی منزل کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی وژن 2030 میں کھیلوں کو نہایت اہمیت دی گئی ہے جن کے ذریعے ملک کی معاشی ترقی اور شہریوں کی زندگی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، سعوی عرب 2018 سے 50 سے زائد معروف عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے جن میں فٹ بال، ڈیجیٹل سپورٹس ، موٹر سپورٹس، ٹینس، ای سپورٹس،گھڑ سواری ، گالف اور دیگر سپورٹس ایونٹس شامل ہیں۔سعودی عرب 1994 سے اب تک 6 بار فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر چکا ہے۔
میڈیا کے مطابق سعودی وزیر کھیل نے اس موقع پر کہا ہے کہ 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی سے ہمیں دنیا میں عالمی کھیلوں کا صف اول کا ملک بننے کا خواب پورا کرنے میں مدد ملے گی، 2026 کے بعد سے فیفا ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گے اور سعودی عرب تمام میچز کے انتظامات اور شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں