لاہور میں ایک اور دل کا بڑا ہسپتال بنانے کی منظوری

لاہور(سی این پی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں دل کا ایک اور بڑا ہسپتال بنانے کی منظوری دے دی۔پی آئی سی میں امراض قلب کے مریضوں کے رش کے باعث جناح ہسپتال کی ایمرجنسی و ٹراما سینٹر پراجیکٹ کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا جبکہ ایمرجنسی و ٹراما سینٹر کو جناح ہسپتال میں شفٹ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے عمارت کی بنیادوں کو اگلے ماہ کے وسط تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والے تعمیراتی کام کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی عمارت 7 منزلہ اور بیڈز کی تعداد 250 ہو گی، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پی آئی سی کے بعد لاہور کا سب سے بڑا دل کا ہسپتال ہو گا۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات، سپیشل سیکرٹری صحت، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں