8 ویں تھل ڈیزرٹ ریلی کل سے شروع ہوگی

لاہور(سی این پی) 8 ویں تھل ڈیزرٹ ریلی 9 سے 12 نومبر تک منعقد ہوگی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منظوری دے دی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ 200کلومیٹر طویل تھل ڈیزرٹ ریلی کوٹ ادو اور لیہ کے اضلاع میں منعقد ہوگی ، تھل ڈیزرٹ ریلی کی ٹرافی کی تقریب رونمائی آج (8 نومبر) کو ہوگی ، لیہ کے علاقے چوبارہ کے نواحی علاقے سے ریلی کا آغاز ہوگا۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ تھل ڈیزرٹ ریلی میں 100 سے زائد شوقیہ اور پروفیشنل ڈرائیورز حصہ لیں گے ، خواتین بھی ریلی میں شرکت کریں گی، ڈیزرٹ ریلی میں ڈرٹ بائیک اور کواڈ بائیک سوار بھی شرکت کریں گے۔تھل ڈیزرٹ ریلی میں 200کلو میٹر طویل فاصلہ ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوگا، 9 نومبر کو تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکاء کی رجسٹریشن ، میڈیکل چیک اپ اور گاڑیوں کی انسپکشن ہوگی۔

علاوہ ازیں تھل ڈیزرٹ ریلی میں جھومر، کبڈی، کلچرل شو اور فوڈ سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ تھل ڈیزرٹ ریلی کی تقریبات میں پپٹ شو، میجک شو، تاریخی ڈرامے، صوفیانہ کلام، قوالی بھی پیش کی جائے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں تھل ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھل ڈیزرٹ ریلی کے لئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکاء کی سکیورٹی کے لئے پولیس اور دیگر اداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں