جونیئر عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کو کوارٹر فائنل میں سپین کے ہاتھوں شکست

کوالالمپور (سی این پی )جونیئر عالمی ہاکی ورلڈکپ  کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو 2-4 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی اور قومی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام کر دیا۔ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلے گئے آخری کواٹر فائنل پاکستان اور اسپین کے درمیان ہوا، پاکستان کی جانب سے کھیل کے 12 ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فلیڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے کھیل تک برقرار رہی۔

 تاہم اسپینش ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے خلاف کھیل کے تیسرے کوارٹر میں یکے بعد دیگرے چار گول اسکور کر کے اپنی ہار کو فتح میں تبدیل کردیا۔ پاکستان کے ناتجربہ کار گول کیپر عبدالرافع نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، اسپینش ٹیم کی جانب سے لگائے گئے دونوں پینلٹی کارنرز پر گول کیپرپیڈز کے درمیان سے نکلتی ہوئی بال کو روکنے میں ناکام رہے۔

اسپینش ٹیم کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں کھیل کے 37 ویں، 38 ویں، 41ویں اور 45ویں منٹ میں گول اسکور کیے گئے جبکہ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول پینلٹی کارنر پر 43 ویں منٹ میں سفیان خان نے اسکور کیا۔اسپین کی جیت کے ساتھ جونیئر ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی جہاں جرمنی کا مقابلہ بھارت سے ہوگا اور دوسرا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔پاکستان 5ویں تا 8ویں پوزیشن کے میچز کے لیے آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر کو کھیلے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں