عدالتی حکم  کے مطابق ڈاکٹرز احتجاج نہیں کرسکتے، ہسپتالوں میں عوام کو تنگی نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ

لاہور(سی این پی )گزشتہ شب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ  کیا،صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم ، سیکرٹری صحت پنجاب علی جان   اور سی سی پی او لاہور بھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے،وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ جو بھی  اپنے کام میں دھوکے بازی کرتا ہے وہ رزق حلال نہیں کھا رہا،صرف ڈاکٹرز ہی نہیں کوئی سیکرٹری یا پولیس افسر بھی اگر اپنے کام سے مخلص نہیں تو یہ حرام کھانے کے مترادف ہے ۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم  کے مطابق ڈاکٹرز احتجاج نہیں کرسکتے، ہسپتالوں میں عوام کو تنگی نہیں ہونے دیں گے۔ہسپتالوں کی تزئین و آرائش میں کرپشن کے الزامات کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ مجھ پر بھی الزامات لگے، ایک پیسہ حرام کھانے والے پر لعنت بھیجتا ہوں، جھوٹے الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کسی انسان کو نہیں اللہ  تعالیٰ کو جوابدہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں