پرتھ ٹیسٹ، آسڑیلیا 487 پر آئوٹ، پاکستان کے جواب میں 132 پر 2 آئوٹ

پرتھ (سی این پی )پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے ہیں۔پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا۔جب قومی ٹیم کا اسکور 74 رنز پر پہنچا تو عبد اللہ شفیق ناتھن لیون کی گیند پر لیگ سلپ میں ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کیند پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 38 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور ابھی پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید 355 رنز درکار ہیں۔ قبل ازیں میزبان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 346 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔

آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر ایلکس کیری کی صورت میں ہوا جنہیں عامر جمال نے بولڈ کیا جبکہ مچل اسٹارک بھی 9 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔کھانے کے وقفے پر مچل مارش 90 اور پیٹ کمنز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں