ون ڈے کی عالمی درجہ بندی، بابر اعظم ایک بار پھر نمبر ون

دبئی (سی این پی )بھارتی بلے باز شبمن گِل کی مسلسل ناقص فارم کی بدولت قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ون ڈے میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔ورلڈ کپ میں شبمن گل توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں دکھا سکے جبکہ بھارتی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی انہیں منتخب نہ کر کے آرام کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اس کی بدولت 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بابراعظم ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں جبکہ 810 پوائنٹس کے حامل شبمن گِل اب دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے، روہت شرما چوتھے اور ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں متاثر کن پرفارمنس کی بدولت انگلش اسپنر عادل رشید عالمی نمبر ایک ٹی20 باؤلر بن گئے۔

عادل رشید مستقل عمدہ پرفارمنس کی بدولت دو درجے ترقی کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں اور انہوں نے افغانستان کے راشد خان کو اس منصب سے محروم کردیا جو ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔عادل رشید ٹی20 میں عالمی نمبر بننے والے محض دوسرے انگلش باؤلر ہیں جہاں ایک دہائی سے زائد عرصے قبل اسپنر گریم سوان نے عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ٹی20 کی ابتدائی رینکنگ پر اسپنرز کا راج ہے جہاں ابتدائی پانچ پوزیشنز پر عادل رشید اور راشد خان کے علاوہ روی بشنوئی، ونندو ہسارنگا اور مہیش تھکشانا شامل ہیں۔

ٹی20 کے ابتدائی 10 بہترین باؤلرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی شامل نہیں اور سب سے بہترین رینکنگ حارث رؤف کی ہے جو رینکنگ میں 15ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔بلے بازوں کی ٹی20 رینکنگ میں سوریا کمار یادیو سرفہرست ہیں جنہوں نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بنا کر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان میں دوسرے نمبر پر موجود محمد رضوان میں 100 ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے۔سوریا کمار کے 887 جبکہ دوسرے نمبر پر موجود رضوان کے 787 پوائنٹس ہیں، رینکنگ میں ایڈن مرکرم تیسرے، بابراعظم چوتھے اور رائلی روسو پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں