پاکستانی ہونے پر فخر،خلاء میں پرچم لہرانا چاہتا ہوں،فخر عالم

کراچی(سی این پی )معروف گلوکار اور سماجی کارکن فخرعالم دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اب خلاء میں بھی پاکستان کا پرچم لہرانے کاارادہ رکھتے ہیں ۔گلوکار، اداکار ،میزبان ،اورسماجی کارکن فخرعالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے صرف 23 روز میں دنیا کا چکر لگا کر پاکستان کا نام روشن کیا ، ‘مشن پرواز ‘ کے نام سے انہوں نے دنیا کا چکر لگانے کی ٹھانی اور اپنے سفر کاآغاز 10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا سے شروع کیا اور23 روز میں سنگل انجن جہاز میں دنیا کا چکر لگاکر واپس فلوریڈا پہنچ گئے، اپنے سفر کے دوران انہوں نے 22 ممالک کا دورہ کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرمشن پرواز کے ایک سال مکمل ہونے پر فخرعالم نے دستاویزی فلم ریلیز کی۔اس دستاویزی فلم میں فخر عالم نے ‘ مشن پرواز’ میں 23 دن کے مشکلات سے بھرپور سفر کی جھلکیاں دکھائی ہیں۔اس موقع پر فخر عالم نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ میں ہمیشہ پاکستانی ہونے پر فخر کرتا ہوں اورہمیشہ ایسے کام کرتا ہوں جو میرے ملک کے لیے فخرکا باعث بنے۔فخرعالم نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میں چاہتا ہوں اس طرح کے کارنامے پاکستان سے اوربھی لوگ انجام دیں، پاکستانیوں میں بے حد ٹیلنٹ اور صلاحیت ہے، میری اگلی منزل خلاء کا سفر کرنا ہے، میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کا جھنڈا بھی خلاء میں لہرائے، مجھے آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مشن پرواز کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب لوگوں کو مجھ پر فخر ہو گا ۔مشن پرواز کا سفر پاکستان کی تاریخ کا اہم کارنامہ ہے ۔واضح رہے کہ ’مشن پرواز‘ کے بعد فخر عالم کا نام دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بنے ۔ اس سے قبل فخرعالم پاکستان میں آنے والے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں امدادی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار اد اکیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں