فیض آباد دھرنا، لیفٹیننٹ جنرل(ر) فیض حمید کمیشن میں پیش، بیان ریکارڈ کرا دیا

اسلام آباد (سی این پی )انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید نے فیض آباد دھرنا کمیشن میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ انہوں نے حکومت کے خلاف سازش کے الزامات کی تردید کی اور کمیشن کی جانب سے فراہم کیے گئے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی ہدایت پر تحریک لبیک سے مذاکرات کیے۔فیض آباد دھرنا کمیشن ڈاکٹر اختر علی شاہ کی صدارت میں کام کر رہا ہے، سابق آئی جی طاہر عالم اور خوشحال خان بھی کمیشن میں شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے فیض آباد دھرنا کیس کے تحقیقاتی کمیشن نے فیض حمید کو دوسری بار پیشی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کرانے کا کہا تھا۔واضح رہے کہ 15 نومبر کو سپریم کورٹ میں فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 2017 کے دھرنے سے متعلق اس کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت نے کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ کمیشن میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، 2 ریٹائرڈ سابق آئی جیز طاہر عالم خان اور اختر شاہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں