سیاسی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرنے والے پہلے اپنے علاقے میں نجی جیلیں بند کرائیں ۔ شہبازشریف

منڈی بہائو الدین (سی این پی )پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرنے والے پہلے اپنے علاقے میں نجی جیلیں بند کرائیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی خاندان ان جیلوں میں بند ہیں اور ان کی سننے والا کوئی نہیں، نوازشریف کی وزارت عظمیٰ میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، عوام نے 2013ء میں نوازشریف کو کامیاب کرایا تو ان کے خلاف سازش شروع ہوگئی۔

شہبازشریف نے کہا کہ جنہوں نے لانگ مارچ کیا اور جنہوں نے کرایا انہیں سب جانتے ہیں، لانگ مارچ کے دلخراش واقعہ کو قوم ابھی تک نہیں بھلا پائی، پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں سے برداشت نہ ہوئی اور نوازشریف کا تختہ الٹ دیا گیا، نومئی کو بھی پاکستان کے ساتھ دشمنی کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ چین کے صدر ستمبر 2014ء میں پاکستان آرہے تھے، پہلی بار 14 اگست 2014ء کو ملک میں لانگ مارچ کرایا گیا، یہ لانگ مارچ نوازشریف اور پاکستان کے خلاف کرایا گیا، نواز شریف چین سے بڑی سرمایہ کاری لارہے تھے، پی ٹی آئی نے ڈی چوک چھوڑنے سے انکار کردیا تھا، ان کے لانگ مارچ اور دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوازشریف نے پاکستانی وسائل سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی دی، 2017ء میں نوازشریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے ہم لیپ ٹاپ نہیں رشوت دے رہے ہیں، میں نے کہا تھا بچوں کو لیپ ٹاپ نہ دوں تو کیا کلاشنکوف دوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں