یہ وہ شیر ہے جو نوجوانوں کا خون چوستا ہے، بلاول بھٹو

گجرات(سی این پی )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیر کہتا ہے کہ کوئی میرے لئے شکار کرے اور ووٹ کا بندوبست کرے تو پھر وہ باہر آئے گا۔بلاول بھٹو نے گجرات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ شیر ہے جو نوجوانوں کا خون چوستا ہے، آپ نے شیر کا راستہ روکنا ہے تو تیر پر ٹھپہ لگائیں، اگر آپ نے کسی اور کو ووٹ ڈالا تو ووٹ ضائع ہوجائے گا، آپ نے 8 فروری کو تیر کو کامیاب کرایا تو میں 9 فروری کو ان کو واپس لندن بھیج دوں گا، میرے لئے یہ حرام ہو گا کہ میں اپنے دور میں کوئی سیاسی قیدی بناؤں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم تو پورے پاکستان کے دورے کر رہے ہیں لیکن ہمارے مخالف گھر سے ہی باہر نہیں نکلتے، آپ نے پہلے کبھی انہیں اتنا خوفزدہ دیکھا ہے؟ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کے خواہشمند کہہ رہے ہیں ابھی منشور پر کام چل رہا ہے، میں وزیراعظم بنا تو جاپان سے لے کر امریکا تک پاکستان کے نوجوانوں کو نوکریاں دلاؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو کہتے ہیں پیپلزپارٹی پنجاب میں نہیں وہ یہاں دیکھ لیں، ہم اقتدار میں آکر مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، میں نے اپنا عوامی معاشی منشور دے دیا ہے، آپ نے ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا گھر گھر پہنچانا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہا کہ ہم عام آدمی کی آمدنی میں اضافہ کریں گے، ہم 300 یونٹ تک بجلی صارفین کو مفت دیں گے، ملک بھر میں 30 لاکھ مکانات بنا کر دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے، ہم بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، غریب خواتین کو بلا سود قرضہ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں