انتخابات 2024، تحریک انصاف کے سیف اللہ ابڑو بلاول بھٹو کے حق میں دستبردار

اسلام آباد (سی این پی )تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-194 سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ میری کل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوئی اور اپنے حلقہ این اے-194 سے دستبردار ہوتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہوکر شیر کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این اے 194 پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سینیٹر ابڑو کی جانب سے حمایت کرنے پر ان کا مشکور ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان یہ سمجھنے لگے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کو روکنے کا واحد راستہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی کے نشان تیر کو ووٹ دینا ہے۔انہوں نے تمام جماعتوں کے سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا انتہائی سمجھداری سے استعمال کریں کیونکہ اس طرح ہم الیکشن کے دن سرپرائز دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں