عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ فلسطین کیلئے انصاف کےحصول کیلئے اہم سنگ میل ہے:دفتر خارجہ

اسلام آباد (سی این پی )فلسطینیوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا کہ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا کہ فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے، عالمی عدالت انصاف نے تسلیم کیا کہ اس کے پاس اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے،7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو فلسطینیوں کے لیے انصاف کے حصول کے لیے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقا کی طرف سے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں