نگران وزیراعظم نے انتخابی عمل کی تکمیل اور نئی حکومت کے آنے تک وفاقی وزرا کے غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کردی

اسلام آباد (سی این پی )نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وفاقی وزرا، مشیروں اور متعلقہ حکام کے غیر ملکی دوروں کی اجازت انتخابی عمل کی تکمیل تک واپس لے لی۔کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ’انتخابی عمل کی تکمیل اور نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے تک کسی غیر ملکی دورے کے لیے کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’وزیر اعظم نے وفاقی وزرا، مشیروں اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی، اور تمام وفاقی افسران کو دی گئی تمام غیر ملکی دوروں کی سرکاری یا نجی اجازتیں فوری طور پر واپس لے لی ہیں۔‘

کابینہ کی سینئر جوائنٹ سیکریٹری کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’تمام وفاقی سیکریٹریز سے ہدایت کی تعمیل کو یقینی بنانے کی درخواست کی جاتی ہے۔‘یہ ہدایت آئندہ عام انتخابات میں دو ہفتے سے بھی کم وقت رہ جانے پر سامنے آئی ہے۔ موجودہ عبوری سیٹ اَپ 8 فروری کے انتخابات کے بعد آنے والی حکومت کو اختیار کی منتقلی سے قبل اپنے آخری دنوں میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں