پاکستانی عوام کی آمدنی میں اضافہ کر کے دکھاؤں گا ، بلاول بھٹو

ڈیرہ اسماعیل خان (سی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم معاشی بحران سے پاکستان کو نجات دلانا مشن ہے، پاکستانی عوام کی آمدنی میں اضافہ کر کے دکھاؤں گا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ڈیرہ کے عوام نے اتنی محبت دی، اس کا کوئی ثانی نہیں، میرا اور ڈیرہ کے عوام کا رشتہ تین نسلوں سے چلتا آ رہا ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے ڈیرہ سے الیکشن لڑا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کا کیا بنے گا جو ٹھنڈ کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے؟ اب تو موسم اچھا ہے اب کہاں جائیں گے؟ ڈیرہ اسماعیل خان میں اس بار تیروں کی بارش ہو گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، ایک بار پھر ہمارا ملک خطرے میں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے بہادر لوگ ہیں، آج عوام مشکل دور سے گزر رہے ہیں، میں عوام کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے بینظیر نے قربانی دی تھی، وہی دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں، سیلاب سے ڈیرہ کے عوام متاثر ہوئے لیکن حکمرانوں نے ڈیرہ کے عوام کو نظر انداز کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، باقی جماعتیں امیروں کو امیر اور غریبوں کو غریب تر بناتی جا رہی ہیں، پاکستان میں بڑے مسائل غربت اور بیروزگاری ہیں، روایتی سیاستدانوں میں اہلیت نہیں کہ ان مسائل کا سامنا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتی، آپ میرے لیے محنت کر رہے ہیں، میں آپ کے لیے دن رات محنت کروں گا، میں بہادر بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں