ہمارے امیدواروں کو 10 سے 25 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے، بیرسٹر گوہر علی خان

اسلام آباد (سی این پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے 180 نشستیں جیت گئی، جمعرات تک وزیراعظم کےلیے نام کا اعلان کریں گے۔اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تینوں سیٹیں ہم جیت چکے ہیں، بلوچستان میں ہم 4 سیٹوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سے 115، سندھ سے 16 اور خیبرپختونخوا سے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے 180 نشستیں جیت گئی، ہمارے امیدواروں کو 10 سے 25 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے۔بیرسٹرگوہر علی خان کا کہنا تھا کہ جمعرات تک وزیراعظم کےلیے نام کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اللہ نے ہمیں سرخروکیا ہے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، لیکن ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، مزید کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہمارا صرف یہی مطالبہ ہےکہ جس کاجو مینڈیٹ ہے، اسے دیا جائے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بہت جلد انٹراپارٹی الیکشن ہوں گے۔اس موقع پر رہنما علی ظفر نے کہا ہے کہ آج الیکشن کے بعد پہلی بار بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی فیصلوں کے لیے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوئی، عمران خان نے کہا کہ قوم جاگ چکی ہے۔

علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ حکومت بنانے کے لیے، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مذاکرات کا آغاز کردیں، عمران خان نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سوا کسی بھی جماعت سے رابطے کرسکتے ہیں۔علی ظفر نے کہا کہ ایک ہفتے سے 10 دن میں انٹرا پارٹی الیکشن ہوجائیں گے، الیکشن کمیشن کو ہمارے انٹراپارٹی الیکشن تسلیم کرنا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں