پاکستان انڈر 19 فٹبالر فرحان خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق

لاہور(سی این پی) پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اے ایف سی 2020 انڈر 19 کوالیفائر میں شاہینز کی نمائندگی کرنے والے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان ایک حادثے میں انتقال کر گئے۔نوجوان فٹبالر جمعے کے روز صوابی میں موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور جان لیوا زخموں کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔صوابی میں پیدا ہونے والے فارورڈ نے پاکستان کے ڈومیسٹک فٹبال میں پاکستان ایئر فورس کی ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کی اور تقریباً پانچ سال قبل اے ایف سی کوالیفائرز کیلئے انڈر 19 ٹیم کا کا حصہ تھے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) نے نوجوان فٹبالر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں پی ایف ایف کی جانب سے کہا گیا کہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر فرحان خان کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہماری دعائیں ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں