پی ایس ایل 9، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی

کراچی(سی این پی )پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 9 کے کوالیفائر میں  ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو  7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،  یاسر خان 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 9کی 2 ٹاپ ٹیمیں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی  کوالیفائر میں مدمقابل آئیں۔جہاں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا۔

 ملتان سلطانز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، طیب طاہر کی جگہ خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا  جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، نوین الحق اور ایمل خان کی جگہ پال والٹر اور سلمان ارشاد کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ملتان سلطانز کے خلاف پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ پر 146 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ کیڈمور نے 24، محمد حارث نے 22، صائم ایوب ایک، حسیب اللہ 3، رومین پاؤل 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن اور اسامہ میر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ڈیوڈ ولی، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں  3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یاسر خان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا 7 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ عثمان خان نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد بھی 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔محمد رضوان 15 اور جانسن چارلس نے 11 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے مہران ممتاز، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ لی۔واضح رہے کہ پشاور زلمی کوالیفائر میچ میں شکست کے باوجود فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئی وہ  ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سےمقابلہ کرے گی۔ایلیمنٹر ون  آج اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔یہ میچ ہارنے والی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔پشاور زلمی اور ایلیمنٹر ون کی فاتح  کے درمیان ہونے والے میچ کی کامیاب ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف فائنل کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں