ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم

اسلام آباد (سی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے سی ای او مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی جس میں انہیں ریکو ڈک منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ ریکوڈک منصوبے کی فزیبیلٹی اس سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔بریفنگ میں کہا گیا ہےکہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے کیلئے بلوچستان کے ڈومیسائل کے حامل افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے اور بیرک گولڈ کی جانب سےخواتین سمیت 100افراد کو فنی تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔وفد نے مزید بتایاکہ کمپنی نے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت ریکوڈک کے قریب 3 اسکولز بھی قائم کیے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں مواصلات میں انفراسٹراکچر خصوصاً ریلوے لائن کےحوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی۔وزیراعظم نے بیرک گولڈ کو بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی اور یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں