ملکی معاشی معاملات گھمبیرمگر حل کےلئے پر عزم ہیں،ترجمان وزارتِ خزانہ

اسلام آباد(سی این پی) وزارتِ خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی معاملات گھمبیر ہیں، جس کی وجہ سے مقرر کیے گئے معاشی اہداف کے حصول میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارتِ خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں پہلا جائزہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، دو طرفہ بات چیت انتہائی خوش گوار انداز میں ہوئی۔ترجمان عمر حمید خان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے اصلاحات پورا کرنے کے عزم اور کوششوں کو سراہا، پاکستان بھی معاشی معاملات حل کرنے کے لیے پُر عزم ہے، معاشی معاملات کافی گھمبیر ہیں، اہداف کے حصول میں کمی بیشی ممکن ہے، تاہم اس سے اصلاحاتی پروگرام پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کی بھی تعریف کی ہے،گزشتہ روز مشیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کا اعتراف کیااورکہا کہ اس کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹر نیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان کا بیرونی اور مالیاتی خسارہ بھی کم ہو رہا ہے، پاکستان میں مہنگائی شرح کم ہونے کا قوی امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں