درآمدات میں کمی سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے،ادارہ شماریات

اسلام آباد(سی این پی) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی متفرق مصنوعات کی درآمدات میں 49.78 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2019ء کے دوران ملک کی متفرق درآمدات کا حجم کم ہو کر 62 کروڑ 83 لاکھ 67 ہزار ڈالر رہ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران متفرق مصنوعات کی درآمدات کا حجم ایک ارب 25 کروڑ 11 لاکھ 94 ہزار ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران متفرق مصنوعات کی ملکی درآمدات کے حجم میں 62 کروڑ 28 لاکھ 27 ہزار ڈالر یعنی 49.78 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارے کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر پر ادائیگیوں کے دباؤ میں بھی کمی ہو گی جس سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری سے حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کر سکے گی اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں