وزیراعلیٰ پنجاب نے20کلو  آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 300روپے کمی کا عندیہ دیدیا

لاہور(سی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے20کلو  آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 300روپے کمی کا عندیہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معاشی اشاریے بہتر پر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد میاں نواز شریف کی رہنما ئی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت میں معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں،بجلی کے نرخ اور مہنگا ئی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے،تاریخ میں پہلی بار سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 70 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ  پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر  ہیں،آئندہ سال  ان شاءاللہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 12.2 فیصد ہونے کاا مکان ہے۔ان کا کہناتھا کہ  پہلی بار 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی، آٹے کے قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید 300 روپے کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسفک ریجن نے پاکستان کے معاشی اشاریوں کو بہترین قرار دیا ہے،اقوام متحدہ رپورٹ میں آئندہ مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی تیزی سے آگے بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے،پاکستان میں رواں اور آئندہ سال کے دوران ترقی کی شرح 2 فیصد سے 2.3 فیصد تک بڑھے گی،ان کا کہناتھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ اپنا موجودہ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ہے،معیشت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ نئے اقتصادی پروگرام سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی،پاکستان کی عوام کو اپنے وزیر اعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں