وزیر اعلیٰ مریم نواز والد کے ہمراہ روٹی کی قیمت معلوم کرنے عوام میں پہنچ گئیں

لاہور(سی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف روٹی کی قیمت معلوم کرنے خود عوام میں پہنچ گئے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے اپنی صاحبزادی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ہمراہ روٹی کی قیمتیں معلوم کیں۔نواز شریف نے لاہور کے علاقے اڈہ پلاٹ پر نان بائیوں سے ملاقات کی اور ان سے روٹی کی قیمت معلوم کی۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے درمیان دیکھ کر عوام نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتے رہیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے حکومت پنجاب نے روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کا اعلان کر کے قیمت 16 روپے مقرر کردی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ الحمدللّہ، حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت کم کرکے 16 روپے مقررکردی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے پنجاب کے تمام اضلاع اورمتعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ اس فیصلے پرسختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں