ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہم ہے، محسن نقوی

لاہور(سی این پی )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہاہے کہ پاکستانی کمپنیوں کے پاس اسٹیڈیم بنانے کی مہارت نہیں ہے اس لیے ہم نے بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد جلد ہی اسٹیڈیم کا کام شروع ہو جائے گا۔لاہور میں ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہم ہے، اس وقت اعظم خان کی انجری چل رہی ہے اور ان علاج کی میں خود نگرانی کررہا ہوں تاکہ وہ جلد از جلد ٹھیک ہوں اور اگلی آنے والی سیریز میں دستیاب ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم اس سیریز میں دستیاب نہیں ہیں اور سلیکشن کمیٹی نے بتایا ہے کہ ان کے متبادل کے طور کسی اور کو شامل کرلیا ہے لیکن ہماری کوشش ہے وہ اگلی سیریز میں ہمیں دستیاب ہو اور کھیل سکے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم ہم پہلے پاکستانی کمپنیوں سے ڈیزائن کرا رہے تھے لیکن پاکستانی کمپنیوں کے پاس اس کی مہارت نہیں ہے، اب ہم نے بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے جس کی وجہ سے ایک سے ڈیڑھ مہینے معاملہ التوا کا شکار ہے جبکہ اس سلسلے میں اشتہار بھی دے دیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیم کو ایسا ہونا چاہیے کہ فیلڈ کے قریب نظر آئے لیکن قذافی اسٹیڈیم میں دیکھیں ہم اسٹیڈیم میں دور بیٹھے ہیں تو یہ ڈیزائننگ کا مسئلہ ہے، اسی طرح جس نے یہ کام نہ کیا ہو اور وہ کرے گا تو اس کا نقصان ہو گا، ایک سے ڈیڑھ مہینے معاملہ التوا کا شکار ہو گا اور اب مسئلہ یہ ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے کریں کیسے، ہم کوشش پوری کریں گے باقی آگے دیکھتے ہیں۔

بھارت سے نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی تجویز آئی تو ضرور دیکھیں گے، چیمپیئننز ٹرافی تک تو ہماری ٹیم بہت مصروف ہے اور کوئی سیریز کھیلنے کا وقت میسر نہیں۔ہیڈ کوچ کے حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے انٹرویوز جاری ہیں اور آئندہ دو سے تین دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نائب کپتان کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی مشاورت کررہی ہے، ان میں سے کسی نے مجھ سے کہا کہ آپ بتا دیں لیکن میں نے کہا کہ میں نہیں بتاؤں گا، جو بھی آپ کا فیصلہ ہو گا مجھے قبول ہو گا، ان سات اراکین کی مشاورت جاری ہے جس پر وہ ایک سے دو دن میں حتمی فیصلہ کر لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں