وفاقی حکومت کی ہدایات پر کے پی،سندھ اوربلوچستان کیلئے گندم کی سپلائی کا آغاز

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی حکومت کی ہدایات پر کے پی کے، سندھ اور بلوچستان کیلیے گندم کی سپلائی کا آغاز کردیا گیا ہے، تینوں صوبوں کو مرحلہ وار گندم روانہ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کا رپوریشن لمیٹڈ (پاسکو) نے صوبوں کو گندم کی فراہمی کا عمل شروع کردیا ہے۔پاسکو کے پی کے، سندھ اور بلوچستان کے لیے0.9ملین ٹن گندم جاری کرے گا، جس میں سے0.450ملین ٹن خیبرپختونخوا (کے پی کے) کے لیے اور0.5ملین ٹن بلوچستان اور سندھ کو0.4ملین ٹن ٹرانسپورٹ کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پاسکو نے گندم کے اپنے پاس موجود زائد ذخائرمیں سے گندم جاری کرنا شروع کردی ہے، گزشتہ روز گندم کی صوبوں کو ٹرانسپورٹیشن کا عمل شروع ہوا۔جس کے تحت خانیوال، وہاڑی، بورے والا اور بہاول نگر پاسکو زون سے600 ٹن گندم روانہ کردی گئی جبکہ سندھ کے لیے گندم کی نقل وحمل حیدرآباد اور خیرپور سے شروع ہوئی۔اس عمل کی نگرانی کرنے والے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے پاسکو کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے گندم کی نقل وحمل کے اس عمل پر سختی سے کاربند رہا جائے۔وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ متعلقہ محکمہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور انہیں صوبوں کو ہنگامی طورپر بھیجی جانے والی گندم کی نقل وحمل کے بارے میں مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں