مقبوضہ کشمیر،تاریخ کا بدترین غیرانسانی کرفیو اور لاک ڈاؤن کا104ویں روز

سری نگر(سی این پی)مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین غیرانسانی کرفیو اور لاک ڈاؤن 104ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی میں خوف کے سائے برقرار ہیں،قابض بھارتی فوج نےکشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور وادی میں حالات تاحال کشیدہ ہیں اور وادی کا دنیا سے تعلق تاحال منقطع ہے جبکہ وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے اور بھارتی غاصب فورسز کی جانب سے مظالم کی شدت میں مزید اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔وادی میں بندش کے باعث رابطے منقطع ہیں اور وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہےکشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔واضح رہے کہ 5اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور بھارت نے کشمیریوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں