اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے بیا ن بازی کی بجائے عملی اقدام اٹھائے،ملیحہ لودھی

نیویارک (سی این پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی الحاق کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے بیا ن بازی کی بجائے عملی اقدام اٹھائے اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے جن کے تحت کشمیری عوام کے مستقبل کے فیصلہ کے لئے ان سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا ۔امریکی ٹیلی وژن کو ایک انٹرویو میں انہوں نے مقبوضہ وادی کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا،جہاں لوگ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بھارتی فوج کے ظالمانہ محاصرے میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرز پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کو کسی بڑے بحران سے بچانے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہوا وہ یقینی طور پر ایک فلیش پوائنٹ ہے انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بحران کے حوالہ سے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر حکام کے بیانات کا بھی ذکر کیا جن میں تنازعہ کشمیر کو پاک بھارت مذاکرات ،سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی ادارہ کے منشور کے تحت حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ پاکستان کی سفیر نے کہا کہ ہمیں لفظوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھار ت کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے اور یہ صورتحال کسی بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کی دیرینہ ذمہ داریاں ہیں جسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے فوری ذمہ داریاں بھی ادا کرنا ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے بجاطور پر بار بار متنبہ کیا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کسی بڑے بحران میں بدل سکتی ہے ۔ سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ یہ ایک بڑی خطرناک صورتحال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں