زراعت سی پیک کا اہم حصہ ہے،خسرو بختیار کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو

اسلام آباد (سی این پی) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق خسرو بختیار نے کہا ہے کہ زراعت سی پیک کا اہم حصہ ہے، چین اور پاکستان نے سی پیک کے تحت زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے طویل المدتی منصوبے تشکیل دیئے ہیں۔ انہوں نے یہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سی پیک کے تحت زراعت کے شعبہ کیلئے منصوبوں سمیت مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے چیئرمین سی پیک کو بتایا کہ سی پیک کے تحت زراعت کو ترجیح دی گئی ہے اور دونوں ممالک نے طویل المدتی منصوبے تیار کئے ہیں جس کے تحت بڑی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور زرعی شعبہ کو ترقی دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی مصنوعات کو محفوظ بنانے اور بیماریوں سے پاک کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان جانوروں میں منہ کھر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین سی پیک کو چین اور پاکستان کے زرعی تعاون میں پیشرفت اور مستقبل میں ہونے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے زرعی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں