مشرقی اور جنوبی امریکا میں موسم خزاں میں گرمی کی لہر

واشنگٹن(سی این پی)امریکا کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں موسم خزاں چھا جانے کے باوجود گرمی کی نئی لہر نے سب کو پریشان کر دیا۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق امریکا کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں موسم خزاں آجانے کے باوجود بدھ کو موسم گرم رہا اور جس کے باعث واشنگٹن میں دوپہر کے بعد درجہ حرارت97 فارن ہائیٹ یعنی (36 ڈگری سینٹی گریڈ)ریکارڈ کیا گیا جس نے 1941 کے خزاں میں گرمی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر میں جنوبی علاقوں مونٹگومرے، الاباما میں درجہ حرارت 98 ڈگری، لٹل راک آرکنساس میں 94 اور اٹلانٹا میں 95جبکہ سینٹرل پارک میں 92ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق امریکا کے ایک تہائی علاقوں میں درجہ حرارت 90 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کر جائے گا جبکہ گرمی کی شدت کے باعث اوہیو اور میری لینڈ میں سکولوں میں جلدی چھٹی کی جارہی ہے۔ نیویارک، سیراکیوس، لوسیانا، نیواورلینز، اوہیو کلیوی لینڈ سمیت ایک درجن سے زیادہ شہروں میں گزشتہ روز درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اٹلانٹا میں درجہ حرارت 95ڈگری فارن ہائیٹ تک جا سکتا ہے تاہم رواں ہفتے کے اختتام پر شمال مشرقی علاقوں میں موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔ امریکہ میں جہاں ایک طرف رواں ہفتے گرمی کی نئی لہر شروع ہے وہیں امریکی ریاست مونٹانا کے علاقہ برائوننگ میں 4 فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں