ٹیکس نظام پر تاجربرادری کے تحفظات کاوزیر اعظم نوٹس لیں،میاں سلیم

لاہور(سی این پی)جوائنٹ سیکرٹری انجمن تاجران لاہورمیاں سلیم کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کے ٹیکس نظام پر تحفظات دور کیے جائیں اورکاروباری شعبہ کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کا ستون ہے جب تک ٹیکسز کے معاملات تاجر برادری کی مشاورت سے طے نہیں کیے جاتے تب تک ملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا۔انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن اتنا وزن ڈالا جائےجو سکت کے مطابق ہو،ٹیکس پالیسیاں بناتے وقت زمینی حقائق مد نظررکھاجاتاہےمگر یہاں ایسانہیں ہواجسکی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔میاں سلیم کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے جو فکس ٹیکس مسودہ دیا ہے اس میں کسی قسم کی قباحت نہیں ہے اگر قباحت ہے تو صرف اور صرف ایف بی آر کے ملازمین کی جیب گرم ہونی بند ہو جائے گی، ورنہ اس مسودے کے تحت پچھلے سالوں کی نسبت اربوں روپے اضافی جمع ہوںگے۔ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط محکمانہ ضد کے سوا کچھ نہیں جب سیلز ٹیکس مینوفیکچرر کی سطح پر لے لیا جاتا ہے پھر دکاندار سے شناختی کارڈ لینے کا جواز ختم ہو جاتا ہے، صرف دکاندار کو بلیک میل کرنے کےلئے شناختی کارڈ کی شرط رکھی گئی ہے۔جوائنٹ سیکرٹری انجمن تاجران لاہور کا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری وزیرا عظم سے گزارش کرتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے تاجر برادری کے مسائل حل کروائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں