ریاست مخالف بیان بازی کیس، ن لیگی رہنما کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہور (سی این پی) سیشن عدالت نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کی ضمانت منظور کر لی اور 2، 2 لاکھ کے 2مچلکوں کےعوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد حفیظ الرحمان خان نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، میاں جاوید لطیف کی جانب سے فرہاد علی شاہ نے دلائل پیش کئے۔فرہاد علی شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار ایک سیاسی کارکن ہے، حکومت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے تحت بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا، درخواست گزار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہے ۔وکیل کا مزید کہنا تھا کہ جاوید لطیف قومی اسمبلی کے رکن ہیں،ان کے ٹی وی پروگرام میں بیان پر مقدمہ درج کیا، مقدمہ میں درج کی گئی دو دفعات کے علاؤہ تمام دفعات قابل ضمانت ہیں، جاوید لطیف کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور نہ ہی کسی جرم میں سزا یافتہ ہیں، عدالت ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کرے ۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جاوید لطیف نے ٹی وی پروگرام میں اداروں اور ملک کے خلاف بات کی،جو کسی صورت قابل معافی نہیں ہے ، عدالت درخواست ضمانت خارج کرے ۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوٸے جاوید لطیف کو دو دو لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں