چاہتے ہیں افغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک(سی این پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ افغانستان میں معاشی بدحالی سے لاکھوں لوگ متاثر ہو سکتے ہیں، چاہتے ہیں افٖغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ طالبان سے مذاکرات جاری رکھنا ہوں گے، ان مذاکرات سے عالمی برادری افغانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام چاہتے ہیں، کہیں خواتین وہ حقوق نہ کھو دیں جو انہوں نے پہلے حاصل کئے، طالبان کو منشیات کے خلاف جنگ میں تعاون کرنا ہو گا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ نئی افغان حکومت کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر غور کررہے ہیں، طالبان کے وعدوں پر عمل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، نیڈ پرائس نے کابل سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکام کے ایسے مزید اقدامات پر عالمی برادری خوش ہو گی۔ پرامن انخلا کے معاملے پر طالبان نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں